لاہور(نمائندہ جنگ) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ روایتی ڈکیتوں، نقب زنوں، مفاد پرستوں اور چوروں نے ڈسکہ الیکشن میں ہمارے معاشرے کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے کے لئے پیسے کی چمک استعمال کی۔ الیکشن کو متنازعہ بنانے کے لئے کچھ میڈیا ہاؤسز کو بھی استعمال کیا گیاجو ہمارے لئے نئی بات نہیں۔ مجھے پتہ ہے کہ شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار کون ہے اور ن لیگ کی مرتی ہوئی سیاست کو آکسیجن کون فراہم کرتا ہے۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ جھوٹی راجکماری کے بیانیے کی موت ثابت ہوا۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت من پسند فیصلے لینے کے لئے نہ کسی جج کے بچوں کو یرغمال بناتی ہے نہ بریف کیس کی چمک سے مرعوب کرتی ہے۔