واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکی صدر جوبائیڈن نے اس پابندی کو ختم کر دیا جس کے تحت گرین کارڈ کے بہت سے درخواست گزاروں کا امریکا میں داخلہ ممنوع تھا۔ ان کا کہنا ہے اس سے فائدے کے بجائے امریکا کو ہی نقصان پہنچ رہا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ 24فروری کو گرین کارڈ کے اجرا پر اس پابندی کو ختم کر دیا جسے ان کے پیش رو ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس نافذ کیا تھا۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس پابندی سے ان افراد کا بھی امریکا میں داخلہ رک گیا تھاجنہوں نے قانون کے مطابق امریکا میں ہجرت کی تھی۔صدر بائیڈن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ہی امیگریشن سے متعلق ٹرمپ کے فیصلوں پر نظر ثانی کا آغاز کر دیا تھا اور اس سلسلے میں اب تک ان کی کئی پالیسیوں کو مسترد کر تے ہوئے نئے فیصلوں کا اعلان کر چکے ہیں۔