• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 6: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پشاور زلمی کو جیت کے لیے199 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے199 رنز کا ہدف دیا ہے۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 81 ،اعظم خان 47 اورفاف ڈیو پلیسی 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طر ف سے صائم ایوب اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز  شروع کی۔ ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 15 ہی ہوا تھا کہ کیمرون ڈیلپورٹ 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کیمرون ڈیلپورٹ کے آوٹ ہونے کے بعد فاف ڈوپلیسی بیٹنگ کے لیے میدان میں اُترے، صائم ایوب کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا، جب اسکور 48 پر پہنچا تو صائم ایوب 21 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین سرفراز احمد اور فاف ڈوپلیسی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 40 رنز جوڑے، اس موقع پر ڈوپلیسی 37 رنز بناکر تیز رفتار اننگز کھیل کر مجیب الرحمان کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

اس دوران سرفراز احمد نے اپنی 31 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، دوسرے اینڈ پر اعظم خان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

سرفراز احمد تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں وہاب ریاض کو وکٹ دے بیٹھے، وہ 40 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 12 چوکے شامل تھے۔دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز بنائے۔

سرفراز کے آؤٹ ہوتے ہی 193 کے اسکور پر اعظم خان 47 اور بین کٹنگ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے آٹھویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی سے ہمارے تمام میچز بہت اچھے ہوئے ہیں، اچھی وکٹ لگ رہی ہے کوشش کریں گے بڑا اسکور کریں۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

آج کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹ سے شکست دی۔

لاہور قلندرز نے جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا جو ملتان سلطانز نے 16.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے 49 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ صہیب مقصود نے ناقابل شکست 61 رنز بنائے۔

تازہ ترین