پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے ایک میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔
لاہور قلندرز نے جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا جو ملتان سلطانز نے 16.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
محمد رضوان نے 49 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ صہیب مقصود نے ناقابل شکست 61 رنز بنائے۔
اس فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز کے تین میچز میں 2 پوائنٹس ہوگئے، جبکہ لاہور قلندرز کے 3 میچز کے بعد چار پوائنٹس ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے آج کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے اننگ کا آغاز کیا۔
سلطانز کے شاہنواز دھانی اور سہیل خان نے لائن اور لینتھ کے ساتھ عمدہ بولنگ کا آغاز کیا اور قلندرز کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
لاہور قلندرز کو 3 اعشاریہ 2 اوور میں پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کپتان سہیل اختر 12 بالز پر 7 رنز بنا کر بریتھ ویٹ کا شکار بنے۔
ابتدائی 2 وکٹ 17 رنز پر گر جانے کے بعد حفیظ اور ڈینلے نے قلندرز کی اننگ کو سہارا دیا اور محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔
12 اوورز کے اختتام پر لاہور قلندز نے 2 وکٹ کے نقصان پر 95 رنز اسکور کیے ہیں۔
قلندرز کو دوسری وکٹ کا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 11 بالز پر 9 رن بنا کر دھانی کی بال پر رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
قلندرز کی تیسری وکٹ 106 رنز پر گر ی، جو ڈینلی 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، مجموعی اسکور میں 16رنز کے اضافے پر محمد حفیظ 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
قلندرز کے ڈیوڈ ویزے 13 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 141 رنز تھا۔
قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔
سمیت پٹیل نے26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی اور کارلوس بریتھویٹ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے پہلے ہی اوور میں صرف ایک رن پر اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب کرس لین بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
30 کے مجموعے پر جیمس وینس کو 5 کے انفرادی اسکور پر حارث رؤف سے پویلین کی راہ دکھائی۔
دوسرے اینڈ پر کپتان محمد رضوان نے رنز بنانے کے سلسلے کو جاری رکھا اور 12 چوکوں کی مدد نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ جب رضوان آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 140 رنز تھا۔
صہیب مقصود نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور ناقابل شکست 61 رنز بنائے، یوں ملتان سلطانز نے ہدف 16 اعشاریہ 2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ایک فتح کے بعد ریلیکس نہیں ہوسکتے، آئندہ میچوں کے لیے بھی تیار رہنا ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ خراب فیلڈنگ کی وجہ سے شکسست ہوئی جبکہ راشد خان کی عدم موجودگی کے سبب ٹیم کا کمبی نیشن متاثر ہوا۔