• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم لاہور کو ترقی یافتہ شہروں کی صف میں شامل کرنا چاہتے ہیں، فردوس عاشق


وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم لاہور کو ترقی یافتہ شہروں کی صف میں شامل کرنا چاہتے ہیں، لاہور میں ایک نیا شہر آباد ہونےجارہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  وزیراعظم نے آج انقلابی منصوبے کا افتتاح کیا ہے، پاکستان کی معیشت ابھرنے میں پرائیویٹ سیکٹر کے کردار کو وزیرا‏عظم نے سراہا ہے۔

 فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ تین فیزز میں اس منصوبےکو تقسیم کیا گیا ہے، حکومتی سطح پرتمام فرائض کی ادائیگی میں نیک نیتی سے آگے بڑھ رہےہیں، اس منصوبے سے 1300 ارب کے فنڈز جنریٹ ہوں گے، 250 ارب ٹیکس کی مد میں حکومت پنجاب کو ملیں گے، اس پروجیکٹ سے لاہور کی نبض جڑی ہے۔


انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے، اوور سیز پاکستانی پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اورنج ٹرین جیسا منصوبہ اس وقت سفید ہاتھی بن چکا ہے، اس کی مد میں کروڑوں روپے کی سبسڈی اور قرضے واپس کرنے کے لیے پھر قرضے لینے ہیں۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کا وژن ہے کہ نچلی سطح تک جمہوریت اور جمہوری رویے کو فروغ دینا ہے، وزیرا‏عظم چاہتے ہیں کہ ووٹ بیچنے کے عمل کی حوصلہ شکنی ہو۔

تازہ ترین