لاہور(ایجنسیاں) حکومت پنجاب نے ڈسکہ الیکشن پر صوبے میں انتظامی افسران کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کو بھی چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔
وزیراعظم عمران خان نے قانونی لائحہ عمل کی منظوری دے دی ہے‘لاہور میں وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی جس میں علی ظفر ایڈووکیٹ اور ڈسکہ میں پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی بھی شریک ہوئے ۔
فردوس عاشق اعوان نے ڈسکہ ضمنی انتخاب کے بارے میں وزیر اعظم کو بریف کیا اور قانونی ٹیم نے وزیر اعظم کو آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ الیکشن کمیشن کو آفیسرز کے خلاف اس نوعیت کی کارروائی کا اختیار نہیں۔
حکومت نے قانونی ٹیم کی رائے کی روشنی میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا اور وزیراعظم نے قانونی لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔
تحریک انصاف لاہور ہائیکورٹ میں دو پٹیشنز دائر کرے گی جس میں سے ایک میں الیکشن کمیشن کے دوبارہ انتخاب کو چیلنج کیا جائے گا اور دوسری میں آفیسرز کے خلاف کارروائی کے فیصلے کو بھی چیلنج کیا جائے گا۔