• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کو 100سال بھی ملیں تو ڈلیور نہیں کر سکیں گے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ حکمرانوں کو100سال بھی ملیں تو ڈلیورنہیں کرسکیں گے۔ وزیر اعظم نے ڈھائی برس میں صرف جھوٹ بولنے کی اسپیشلائزیشن کی ہے، انھیں اس پر بھی ورلڈ کپ ملنا چاہیے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا جھگڑا صرف دودھ کی بوتل کے حصول کے لئےہے۔ پڑوس کے ممالک میں کوئی چاند پر جانے کی تیاریاں کررہاہےتو کوئی الیکٹرانک کاریں بنا رہا ہے، مگر ہمارے یہاں صرف قوم کوبے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں سینیٹرز کے چنائو کے لئے دو بڑی پارٹیوں کا مک مکا پوری قوم نے دیکھ لیا۔ملک کی مظلوم عوام کو نوید سناتا ہوں کہ وڈیروں اورخوانین کا دور ختم ہونے کو ہےاورپاکستان کا مستقبل اسلامی نظام میں ہے۔پی ٹی آئی،پی پی،ن لیگ نے بہاولپور ریاست کی بجالی کا وعدہ کیامگرایفا نہ کیا۔وسیب کے نوجوان بے روزگاراور کسان پریشان ہے۔ریاست بہاولپور برصغیرکی سب سے امیر ریاست تھی۔ یہاں کے نواب اور عوام نے قیام پاکستان کے بعد لاغر مملکت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بھرپور مالی مدد کی۔آج اس علاقہ کے لوگ صاف پانی کو ترس رہے ہیں۔ چولستان کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کوئی طاقت ان سے ان کی زمینیں نہیں چھین سکتی۔ جماعت اسلامی ملک کے مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاولپور میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے لودھراں سے بہاولپور تک مہنگائی مارچ کی قیادت کی۔

تازہ ترین