• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی ادارے یکم مارچ سے ہفتہ میں 5دن کے معمول پر آ جائینگے

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کینٹ گریژن ڈائریکٹوریٹ کے زیراہتمام تمام تعلیمی ادارے یکم مارچ سے 5دن کلاسز کے معمول پر واپس آ جائینگے۔ تمام تعلیمی اداروں میں 100 فیصد طلباء و طالبات کو بلانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای آئی میجر جنرل محمد اصغر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیر یکم مارچ سے تمام سکول 5دن کی کلاسز کے معمول پر بحال ہو جائینگے۔ نوٹیفکیشن میں پرنسپلز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عمل کریں۔جیسے سماجی فاصلے، ماسک پہننے اور ہاتھوں کو دھونے کی سہولت کو یقینی بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ قبل ازیں ملک بھر میں کورونا وباء کے پیش نظر وفاقی تعلیمی اداروں میں 50فیصد طلباء کو بلایا جا رہا تھا اور تمام کلاسز کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ اس طرح شفٹوں میں ہفتے میں 6دن تعلیمی سرگرمیاں جاری تھیں‘ اب نئے فیصلے کے تحت تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے اور تدریسی سرگرمیاں مکمل بحال ہو جائینگی۔
تازہ ترین