• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی ارکان کے ہم سے رابطے ہیں، PTI کو ٹف ٹائم ملے گا، بلاول۔ ہوسکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت پیش نہ آئے، مریم نواز


لاہور، کوہاٹ (نمائندہ جنگ نیوز ایجنسیاں ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومتی و اتحادی ارکان ہم سے رابطے میں ہیں، سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کو ٹف ٹائم ملے گا، سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کو اپنے ممبران بھی ووٹ نہیں دینگے،جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ اور سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ کی تیاری پوری ہے لیکن ہو سکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ 

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو نالائق و ناجائز حکومت سے بچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں سب سے آگے ہے اور اس نے سارے ریکارڈز توڑ دیئے ہیں، 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ ختم کرنےکی اجازت نہیں دیں گے، دھاندلی زدہ حکومت نے ملک میں بحران پیدا کیا ہے اور عوام کو مہنگائی کے طوفان میں ڈبودیا ہے، پاکستان میں آج مہنگائی افغانستان اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہے، کٹھ پتلی حکومت میں صلاحیت نہیں کہ حکومت چلاسکے۔ 

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاستدان ،یا عدلیہ، فوج اور سرکاری ملازمین، جب سب کیلئے ایک قانون ہوگا تب ہی کرپشن کے ناسور کو ختم کرسکیں گے۔ بلین ٹرین، علیمہ باجی کی سلائی مشینوں سمیت جگہ جگہ کرپشن ہے، اس نالائق حکومت کا ہرمیدان میں مقابلہ کر رہےہیں، ضمنی انتخاب میں فتح نے ثابت کیا عوام پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں بلکہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو پہلی بار اپنے ہی ایم این ایز، ایم پی ایز اور اتحادیوں سے بات کرنے پر مجبور کردیا لیکن اب بہت دیر ہوچکی، وہی ایم این ایز اور اتحادی ہم سے بھی رابطے میں ہیں، یہ ان کے لیے ایک موقع ہے وہ ثابت کریں کہ وہ عوام کے ساتھ ہیں یا کٹھ پتلی کے ساتھ کھڑے ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو اسلام آباد سے پی ڈی ایم کا امیدوار کھڑا کرنے پر حکومت بہت پریشان ہے، حفیظ شیخ کو کامیاب کرانا مہنگائی میں اضافہ اور آئی ایم ایف کے غلامی کے مترادف ہے۔ 

یوسف رضاگیلانی کی کامیابی سے پارلیمان کی عزت میں اضافہ ہوگا اور جمہوریت کامیاب ہوگی، سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ ہونا ہے، اس مارچ کیلئے عوام تیاری پکڑیں، کٹھ پتلی ناجائز وزیراعظم کو گھر بھجوادیں گے۔

دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پا کستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت پیش نہ آئے، عمران خان کے دوبارہ آنے کا کوئی چانس نہیں، عمران خان ایک بار ساز باز کر کے اقتدار میں آگئے، دوسری بار ایسا نہیں ہوگا۔

تازہ ترین