• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن کاروبار بن گیا ہے،اسد عمر، ضمیروں کے سوداگر اوپن بیلٹ کی مخالفت کررہے ہیں،فیصل جاوید،مریم خود کو لیڈر اور حمزہ کو کارکن سمجھتی ہیں، فردوس عاشق


حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، اسلام آباد (نامہ نگاران، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیربرائےترقی و منصوبہ بندی اسد عمرنے کہا ہے ج بدقسمتی سےسینیٹ الیکشن پاکستان میں کاروبار بن گیا ہے، انتخابات میں ووٹوں کی خریداری کیلئے منڈی لگتی رہی ہے تاہم یہ پروپیگنڈا اور قیاس آرائیاں ہیں کہ تحریک انصاف اور اسکی اتحادی جماعتوں میں دوری ہو رہی ہے، سینیٹ الیکشن میں جیت ہماری ہوگی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے اپوزیشن نے ہمیشہ خرید و فروخت اور لین دین کی سیاست کی ہے، یہ ضمیروں کے سوداگر ہیں اسی لیے اوپن بیلٹ کی مخالفت کر رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم خود کولیڈر اورحمزہ کو کارکن سمجھتی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں بدقسمتی سے اراکین کی خریداری کی منڈی لگتی ہے اس طرح کی ایک وڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ سندھ سے اراکین کے انتخاب میں پی ٹی آئی‘ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور نہ ہی حفیظ شیخ پر کوئی مسئلہ ہے، ہم اپنے امیدوار منتخب کرانے میں کامیاب ہو جائینگے۔ 

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے وہی نشستیں جیتی ہیں جو پہلے ان کی تھیں، کے پی کے میں ہم نے صوبائی نشست بوجوہ کھوئی ہے تو قومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب جیتا ہے‘ پی ٹی آئی کو ضمنی انتخاب میں کوئی ایسا نقصان نہیں ہوا جس کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ سندھ میں جمہوریت کا نام استعمال ہو رہا ہے لیکن سندھ حکومت نے اپنے مخالفین سے وہی سلوک روا رکھا ہوا ہے جو حلیم عادل شیخ سے رکھا جارہا ہے۔ 

علاوہ ازیں ٹنڈوالہیار میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سےخطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ عوام اور سندھ خوشحال نہیں ہے لیکن سندھ میں زرداری خوشحال ہے زرداری نے جائداد بنانے کیلئے حکومت کی ہے سندھ کو تباہ کیا غریبوں کو لوٹا گیا ہے سندھ کا یہ حال ہے سندھ میں نوکریاں فروخت کی جاتی ہے سندھ میں ڈاکوں راج ہے جس کی وجہ سے سندھ کا بیڑہ غرق ہوا پڑا ہے۔

سندھ کے مسائل جب تک حل نہیں ہونگے جب تک سندھ میں تبدیلی نہیں آتی اور جلد وہ وقت آنے والا ہے، عوام ان اے چھٹکارہ حاصل کرلینگے۔ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر اندورن سندھ کیلئے کراچی طرز کا پیکج تیار کیا جا رہا ہے، مارچ اپریل میں عمران خان اعلان کرینگے۔ 

دریں اثناء معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کسی نظام کوبدلنے کے لئے جرات مندقیادت ہی اصلاحات متعارف کراسکتی ہے - جاتی امراوالوں نے پورے پاکستان کی نمبرداری کاٹھیکہ ظل سبحانی کے سپرد کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ن لیگ کے اس ہینڈ پک نظام کو ختم کیا اور عوام کو ان کے حقوق دیئے-ن لیگ کے دور میںاسٹام فروش مافیا نے ن لیگ کی چھتری تلے جرائم پیشہ اور قبضہ مافیا کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹنے کے لئے نیٹ ورک بنایا- تبدیلی یہ ہے کہ جو غلط ہورہا تھا ہم نے اس کو روکا ہے اور اس کا حصہ بننے سے انکار بھی کردیا ہے۔

جعلی راجکماری اب پھولن دیوی کا روپ دھار چکی ہے یہ سیاسی بونے اپنا قداونچا کرنے کے لئے عمران کا نام جپتے رہتے ہیں۔ ان کی سیاست عمران کے نام کی مرہون منت ہے۔ گزشتہ روز ایک قیدی کو رہائی ملی ہے تووہ حاجی بن کر لاہور کی سڑکوںپر لوگوں کو بے وقوف بناتا رہا - اس حاجی کو پتہ ہونا چاہیے کہ ابھی مقدمہ ختم نہیں ہوا۔

اس قیدی کی رہائی پر استقبالیہ کارکنوںکا ٹولیوں میںبٹ کرمریم اور حمزہ کے علیحدہ علیحدہ نعرے لگانامستقبل میں ن لیگ کے اندر ہونے والی اکھاڑ پچھاڑ کی واضح تصویر پیش کررہا تھا- مریم ،حمزہ کو کارکن اور خود کو لیڈر سمجھتی ہیں،ایک میان میں دو تلواریں نہیں رہ سکتی-

تازہ ترین