کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد والوں کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کو کراچی نظر نہیں آتا ، یہی تو کراچی کاگلہ ہے ۔ کے فور پچھلے ڈھائی سال سے بند پڑا ہوا ہے ،عوام کی اکثریت ویکسین لگوانے کے لئے تیار نہیں جو ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر جون تک پندرہ سے بیس ارب روپے خرچ ہوں گے ،جولائی یا اگست تک کراچی گرین لائن بسیں سڑکوں پر ہوں گی ۔ایک انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور فوج کے تعلقات مثالی ہیں ، اکثر ارکان اسٹیبلشمنٹ کے جھکاؤ کے ساتھ چلتے ہیں ، سی پیک منصوبے پر آئی ایم ایف مکمل مطمئن ہے ،سی پیک منصوبے پر سست روی کا تاثر درست نہیں ،کسی بھی پارٹی کا نوجوان اگر سیاست کے اوپر قتل ہوجائے اس سے زیادہ افسوسناک بات کیا ہوسکتی ہے لیکن یہ ایشو احساب مکمل کئے بغیر سیاسی ماحول ٹھنڈا نہیں ہوسکتا ، نواز شریف ، مریم نواز اور آصف زرداری سیاسی ماحول خراب کرنے کے ذمہ دار ہیں ۔ حکومت نے بجلی نو روپے کے بجائے صرف تین روپے مہنگی کی ہے ۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ بڑی غلط فہمی ہے کہ عمران خان ہر چیز کے اندر روڑے اٹکاتے ہیں ،کورونا سے زیادہ مشکل وقت بشمول پاکستان دنیا نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا لیکن سب نے سراہا کہ عمران خان نے کیسے ساری اپوزیشن کو ساتھ لے کر اس معاملے سے نمٹا ہے ۔ روڑے تو نواز شریف ، آصف زرداری ، مریم نواز اٹکاتے ہیں ۔