• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے سینیٹ الیکشن میں ٹکٹ پیسوں کی بنیاد پر دیا، سراج الحق

لاہور /ملتان (آن لائن ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت نے سینیٹ الیکشن میں ٹکٹ پیسوں کی بنیاد پر دیا، قوم سے اپیل کرتا ہوں اب جماعت اسلامی کو آزمائیے۔ ڈسکہ میں لڑنے والے اپنے مفادا ت کے لیے پنجاب اسمبلی میں ایک ہو گئے۔گزشتہ پانچ حکومتیں وعدوں کے باوجود پانچواں صوبہ نہیں بنا سکیں۔ پی ٹی آئی کا سونامی بدنامی کے بعد اب اختتامی سفر پرچل پڑا ہے۔ ملک کو کرونا وائرس یا حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے زیادہ نقصان پہنچااس کا فیصلہ تو وقت کرے گا، مگر یہ واضح ہو گیا ہے کہ قوم اب پی ٹی آئی کے سونامی سے پناہ مانگنے لگی ہے، لوگ وائرس سے کم اور حکمرانوں سے زیادہ خوفزدہ ہیں۔ کوئی شک نہیں سونامی اور کرونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کی فرسٹریشن عروج پر ہے۔ فٹ پاتھوں پر سونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور غربت کے ہاتھوں تنگ افراد خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ وزیراعظم نے 22 کروڑ عوام کے دل دکھی کر دیے ہیں۔ حکمران سیاسی پارٹیاں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے کلبز ہیں۔ حکمرانوں کے شہزادے، شہزادیاں اندرون اور بیرون ملک پلازے تعمیر کر رہے ہیں، غریبوں کے باصلاحیت اور پڑھے لکھے بچے مزدوری کی تلاش میں چوکوں چوراہوں پر بیٹھے ہیں۔ پاکستان کا گرے لسٹ میں رہنا حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں اب جماعت اسلامی کو آزمائیے۔ ڈسکہ میں لڑنے والے اپنے مفادا ت کے لیے پنجاب اسمبلی میں ایک ہو گئے۔ الیکشن کمیشن کو آزاد دیکھنا چاہتے ہیں۔ انتظامی بنیادوں پر صوبہ جنوبی پنجاب کی تخلیق کی حمایت کرتے ہیں۔ تینوں بڑی پارٹیوں نے جنوبی پنجاب کے ایشو پر صرف سیاست کی ہے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ حکمران بتائیں کہ کرونا فنڈز میں سے کتنی رقم جنوب پنجاب میں خرچ کی گئی۔

تازہ ترین