آپ آف لائن ہیں
منگل7؍رمضان المبارک 1442ھ 20؍اپریل2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کا جام شورو میں علاقائی دفتر قائم ہوگا

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے جام شورو، سندھ میں علاقائی دفتر کے قیام کے لیے آج سندھ حکومت کے ساتھ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید اور سند ھ حکومت کی طرف سے ثقافت، سیاحت اور نوادرات کے سیکریٹری غلام اکبر لغاری نے یاداشت پر دستخط کیے۔

مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ پی ا ین سی اے ثقافتی ترقی اور فنکاروں کی فلاح کا ایک قومی ادارہ ہے اور ہم اس قومی ادارے کے دائرہ کار کو پورے ملک اور خصوصاً دور دراز علاقوں تک پھیلانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ثقافت ہماری پہچان ہے اور ہم اس کی ترویج و ترقی میں تمام علاقائی رنگ بھرنا چاہتے ہیں۔ آج کا یہ معاہدہ اس کاوش کی ایک کڑی ہے پاکستان صدیوں پر محیط عظیم ثقافتی ورثے کا امین ہے، جسے دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت وقت کا تقاضا ہے۔

اس معاہدہ کے تحت دونوں ادارے مشترکہ ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کریں گے اور اس کوشش سے ملکی فنون ثقافت کی ترقی میں ایک نئے باب کا آغاز ہونے جارہا ہے۔


سیکریٹری غلام اکبر لغاری نے کہا کہ سندھ تاریخی ورثہ کا صوبہ ہے اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنی ایک امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔ آج کے اس معاہدے سے سندھی ثقافت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں مزید مدد ملے گی۔

جبکہ دونوں اداروں کی اجتماعی کوششوں سے پورے ملک کے ثقافتی اکائیوں کو قریب لانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا نیز فنکاروں بالخصوص نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

انہوں نے ڈاکٹر فوزیہ سعید کی علاقائی ثقافت کی ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا اور انہیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

قومی خبریں سے مزید