• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھ کراچی، سیوریج نالے میں زور دار دھماکا، ایک شخص جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر )نارتھ کراچی میں سیوریج نالے میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اورایک شدید زخمی ہوگیا، جبکہ نالے کے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، اطلاع ملنے پر پولیس ، رینجرز اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا ۔تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدودنارتھ کراچی سیکٹر 4, رحمانیہ موڑ کے قریب سیوریج کے نالے میں زور دار دھماکا ہواجس کے نتیجے میں قریب کھڑے ہو ئے 2 افراد شدید زخمی ہوگئے ، دھماکے آواز سن کرعلاقہ مکین گھروں سے باہر آگئے اورفوری پولیس کو اطلاع دی ۔پولیس ،ریسکیو عملہ اور رینجرز بھی موقع پر پہنچ گئی ، زخمیوں کو ایمبولینسوں میں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر ایک شخص دم توڑ گیا جبکہ زخمی کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے،پویس کے مطابق اسپتال میں متوفی کی شناخت 45سالہ محمد فرید ولد ذاکر علی جبکہ زخمی کی 72 سالہ محمد رمضان ولدمحمد سردار کے نام سے ہوئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ نالے میں زہریلی گیس بھر جانے سے جس مقام پر دھماکا ہوا وہاں قریبی دکانیں موجود ہیں، متوفی اور ز خمی دکاندار اور راہگیر بتائے جاتے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ نالے کے قریب کھڑی 5 سے6 گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور شدید نقصان پہنچا ہے، پولیس کامزید کہنا ہے کہ نالے کافی پرانے ہیں جن کی طویل عرصے سےصفائی بھی نہیں ہوئی ہے ،جس کی وجہ زہریلی گیس جمع ہو جانے سے دھما کا ہوا ، تاہم مزید تفتیش جاری ہے ۔

تازہ ترین