• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علماء، مشائخ کے مسائل حل کرنے کیلئے رابطہ کار مقرر کر رہے ہیں، طاہر اشرفی

لاہور(نمائندہ جنگ) چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ علماءو مشائخ ، آئمہ و خطباءکے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم کی ہدایت پر ہر سطح پر رابطہ کار مقرر کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت پاکستان کو مدینہ منورہ کی ریاست کی طرف لے کر جانا چاہتی ہے، ریاست مدینہ کی طرز کی ریاست کیلئے سب کو محنت کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد کی رجسٹریشن ، بنک اکائونٹس اور دیگر امور نئے تعلیمی سال سے قبل حل کریں گے۔ ان خیلات کا اظہار انہوں نےپاکستان علماءکونسل لاہور کے تحت ہونے والے علماءو مشائخ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ توہین رسالت و توہین مذہب کا قانون انسانی جانوں کا محافظ ہے۔ توہین رسالت و توہین مذہب کے قانون کا غلط استعمال نہیں ہو رہا ہے ، تمام اقلیتوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آئین پاکستان کے تحت دئیے گئے ان کے حقوق کا تحفظ ہو گا۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے تمام پاکستانیوں کو کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے بغیر پاکستان کی ترقی ، استحکام ، سلامتی ممکن نہیں ہے۔ غیر مسلم پاکستانیوں کے حقوق کیلئے منبر و محراب نے پہلے بھی کردار ادا کیاہے آئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد کا ملک میں انتشار پھیلانے والی کسی بھی تحریک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حزب اختلا ف کو حکومت کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ حزب اختلاف کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آؤ مل کر ریاست مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ہم مدار س و مساجد کے چوکیدار ہیں۔وقف املاک ایکٹ کے حوالے سے علماءو مشائخ کو جلد خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرفیتھ ہارمنی کونسلز کی 30 رکنی مرکزی کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سری لنکا کے مسلمانوں کے مسئلہ کو حل کروا کر پاکستانی قوم کا عالم اسلام میں سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب عالم اسلام کا مرکز ہے۔ سعودی عرب اور اس کی قیادت کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ مہم شروع ہے ، پاکستان سعودی عرب تعلقات ایمان عقیدے کے تعلقات ہیں اور ہمارے لیے ارض حرمین شریفین اور اس کی قیادت خط احمر کی حیثیت رکھتی ہے۔
تازہ ترین