وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سیاسی بلونگڑے سپریم کورٹ کی رائے پر بغلیں بجا رہے ہیں، یہ لوگ فیصلہ پڑھے بغیر خوشیاں مناتے اور مٹھائیاں بانٹتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے الیکشن شفاف بنانے کیلئے قدم اٹھائے، الیکشن کمیشن چاروں صوبوں کو ایک اکائی میں باندھنے کا اقدام کرے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ شادیانے بجانے والوں نے اپنی سابق روایت کے تحت صف ماتم پر بیٹھنا ہے، 3 مارچ کو نقب زنی اور منڈیاں لگانے کا رجحان ختم ہو جائے گا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سینیٹ کا انتخاب صاف اور شفاف بنانے کیلئے کام کرے، شفاف انتخابات ہی جمہوریت کی بہترین خدمت ہے، شفاف انتخابات سے ہی سینیٹ کو بااختیار اور خود مختار بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں آگے بڑھنا ہے، ملک میں ٹیکنالوجی ایکسپرٹس، سوفٹ ویئر انجینئرز کی کمی نہیں ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے الیکشن کمیشن کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے، امید ہے الیکشن کمیشن سینیٹ بیلٹ پیپر پر سیریل نمبر یا بار کوڈ لگائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ نادان اور ٹین ایجر لیڈر بغیر کھیلے سنچریاں بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے آپ کے خواب بکھرنے جارہے ہیں۔