پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے ایک کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے بتایا کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جن کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔
مذکورہ کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دیگر کھلاڑیوں اور اسکواڈ ممبران کے فوری کورونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے۔
تاہم اب اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا جس میں بتایا گیا کہ ان کی ٹیم میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فواد احمد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
اس بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان کا ٹیسٹ دو روز قبل مثبت آیا تھا جس کے بعد انھیں 2 روز کے لیے فوری طور پر آئیسولیشن میں بھی ڈال دیا گیا تھا۔
یونائیٹڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر تمام کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور انھیں کھیلنے کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے۔
پیغام میں فواد احمد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔