• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا



پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ شیڈول تھا، تاہم اب یہ میچ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

میچ مقامی وقت کے مطابق 7 بجے شروع ہونا تھا، تاہم وہ اب 8 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اب تک کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے جلد پریس ریلیز جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایک روز قبل جب رینڈم ٹیسٹنگ کے نتیجے سامنے آئے تو ان میں سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کو کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کھلاڑیوں کی ریپڈ ٹیسٹنگ بھی شروع کردی گئی ہے جس کے نتائج 10 منٹ سے لے کر 30 منٹ میں آجاتے ہیں۔

ٹیموں کو نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول میچ کے لیے اسٹیڈیم روانہ ہونا تھا، تاہم کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انھیں ہوٹل میں ہی روک لیا گیا اور دونوں ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ کیے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ دیگر تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

اطلاعات سامنے آئیں کہ اب کھلاڑیوں کو ہوٹل میں روکے جانے کے باعث میچ بھی تاخیر کا شکار ہوا ہے۔

تازہ ترین