کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی خاتون امیدوار پلوشہ خان زئی کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔ فاضل عدالت نے پلوشہ خان زئی کو سینٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا ہے۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی امیدوار پلوشہ محمد زئی خان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف ایڈووکیٹ محمد عاقب راجپر، خلیل الرحمٰن انصاری ، حسیب ﷲ پہنور و دیگر کی درخواست پر سماعت ہوئی۔