پشاور(نمائندہ جنگ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور نے مقدمے میں پشاور میں امریکی قونصلیٹ اور ایمی گریشن حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30مارچ کو طلب کرلیاہے صحافی محمود جان بابر نے دوران سفر استنبول ائر پورٹ پر انہیں امریکہ جانے سے روکنے کے معاملے پر عدالت سے انصاف کے لئے رجوع کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج نصرﷲ خان کی عدالت میں دائر مقدمے کی ابتدائی سماعت کے دوران عدالت نے پاکستان میں امریکی سفارتخانے، پشاور میں امریکی قونصلیٹ، ترکش ایئرلائن اور پاکستانی امیگریشن حکام کو 30 مارچ کو پیشی کے نئے نوٹس جاری کردیے۔ درخواست گزار کی جانب سے قانون دان شاہ نواز عدالت میں پیش ہوئے مقدمے میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مئوکل کے ساتھ بغیر کسی وجہ کے روا رکھے گئے نامناسب رویے پر امریکی حکومت کے پاکستان میں نمائندہ سفارتخانے، پشاور میں سفارتی دفتر اور ترکش ائرلائن سے جواب طلب کرے اور ہونے والے مالی نقصان اور ذہنی دبائو اور کوفت کا ازالہ کرنے کے لیے ہرجانہ ادا کرے ۔