تحریک انصاف کے ناراض اراکان سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر نے ایک بار پھر اپنے اغوا کا تاثر رد کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے منحرف ارکان سندھ اسمبلی نے واضح طور پر اعلان کیا کہ وہ فیصل واوڈا اور سیف اللّٰہ ابڑو کو ووٹ نہیں دیں گے۔
انہوں نے عمران خان کے بجائے اپنے بل بوتے پر الیکشن جیتے کا دعویٰ بھی کیا اور کہا کہ فیصل واوڈا اور سیف اللّٰہ ابڑو غیر سیاسی لوگ ہیں انہیں سیاست کا علم تک نہیں۔
اسلم ابڑو نے کہا کہ ڈھائی برس سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے سامنے چلاّتے رہے کہ سندھ میں ترقیاتی کام کریں۔
شہریار شر نے کہا کہ کوئی بھی وفاقی وزیر دیہی سندھ نہیں آیا، بیلٹ خفیہ ہے، وہ ووٹ چھپ کر بھی دے سکتے تھے لیکن ضمیر کے مطابق ووٹ دینے کا جمہوری حق استعمال کیا۔
دونوں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی نے کہا کہ جہاں ضمیر مطمئن ہوگا وہاں ووٹ دیں گے، وہ کل رات ڈیفنس میں گھومتے رہے لیکن تحریک انصاف کے لوگوں نےالزام لگادیا کہ انہيں اغوا کرلیا گيا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم کوئی پانچ دس سال کے بچے یا بھیڑ بکری نہیں، کوئی اٹھا کر گاڑی میں ڈال دے اور اغواء کرلے، ان لوگوں کو اغوا کا ڈرامہ نہیں کرنے دیں گے۔