• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اننگز کے آغاز سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مشکلات کی شکار نظر آئی، اور وقفے وقفے کے ساتھ وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

کپتان سرفراز احمد نے 54، محمد نواز نے 31 اور بین کٹنگ نے 23 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 156 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں صرف 11 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

اسی طرح حسن علی نے 2 جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز پال اسٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

کیا ڈیل اسٹین، کیا حسنین، کیا نواز اور نسیم شاہ، پال اسٹرلنگ نے سب کی گیندوں کو باؤنڈری کی راہ دکھائی۔

انھوں نے 21 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کو پہلے پاور پلے میں ہی 76 کے مجموعے تک پہنچا کر میچ تقریباً ایک جانب کردیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر زاہد محمود نے اسٹرلنگ اور ایلکس ہیلز کی وکٹ لے کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی رفتار کو روکنے کی کوشش کی لیکن روحیل نذیر اور شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 17ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پال اسٹرلنگ نے 56 رنز جبکہ روحیل نذیر نے 34 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تازہ ترین