• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوروں سے مقابلہ ہے، جیت ہماری ہی ہوگی، عمران خان، ظہرانے میں 171 ارکان شریک تھے، فواد

چوروں سے مقابلہ ہے، جیت ہماری ہی ہوگی، عمران خان


اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں‘میں اسی لیے شفاف انتخابات کےلیے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا‘ چوروں کے ساتھ مقابلہ ہے ‘جیت ہماری ہی ہوگی ‘ ہمارے اراکین سے رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں۔

اپوزیشن پیسہ لگائےگی لالچ بھی دے گی مگر معرکہ حفیظ شیخ ہی جیتیں گے‘ہمیں اسٹیٹس کو اور مافیا کوہراناہے‘سینیٹ میں اکثریت حاصل کرکے عوامی مفاد کی قانون سازی کریں گے‘اگلے ڈھائی سال جم کر حکومت کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں اور ان کے اعزازمیں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ 

وفاقی وزیرفواد چوہدری کے مطابق وزیر اعظم کے ظہرانے میں 181میں سے 171ارکان نے شرکت کی‘ہمارے پاس ایک سو اکیاسی ممبران ہیں،ہماری فتح یقینی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں عمران خان نے مسلسل دوسرے روز بھی تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا، اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی موجود تھے۔

ملاقاتوں کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ بدعنوانی ٹولا یہاں آبیٹھا ہے، ان کی کرپشن کی داستانیں عوام جانتے ہیں۔بعد ازاں وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ 

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹ ہو یا قومی اسمبلی ہماری ترجیح عوامی مفاد ہے، ہمارا مشن فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہونا ہے، ہمیں اسٹیٹس کو اور مافیا کو شکست دینا ہے‘ ہم لوٹ مار کا بازار ختم کر کے غریب کے حالات بہتر کرنا چاہتے ہیں‘ سینیٹ میں اکثریت حاصل کرکے عوامی مفاد کی قانون سازی کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چوروں کے ساتھ مقابلہ ہے‘ جیت ہماری ہی ہوگی‘ سینیٹ میں کم نمائندگی کی وجہ سے ہماری مؤثر آواز نہیں تھی‘ ہمارے سینیٹرز آئیں گے تو آواز بھی ہوگی اورقانون سازی بھی،محض کرپشن کی وجہ سے اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملایا۔

عدلیہ کو بھی علم ہے کہ ووٹ چوری ہوتے ہیںہم ہر بحران میں سرخرو ہوئے ہیں‘کہتے تھے ڈالر ڈھائی سو تک پہنچ جائیگا ، ہم نے روپے کی قدر کو مستحکم کیا۔

اپوزیشن فیٹف کے معاملے میں ہی ہمیں فارغ کرنے کے چکر میں تھی،فیٹف میں بھی ہم سرخرو ہوئے اور آئندہ بھی معاملہ حل کریں گے‘اگلے ڈھائی سال جم کر حکومت کریں گے،اگلا ٹارگٹ عوام کے مسائل ہیں، ملائیشیا میں بھی مہاتیر محمد کے بعد نواز شریف جیسا انسان آیا تو کرپشن عروج پر تھی۔

تازہ ترین