اسلام آباد(نمائندہ جنگ) الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات میں بیلٹ پیپر کے استعمال کی ہدایات جاری کرتےہوئے کہاہےکہ ہر بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام درج ہوں گے اور امیدوار کو ترجیحی ووٹ اردو یا انگریزی میں لکھ کر دے سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ پول کرنے کے طریقے کے حوالے سے بیلٹ پیپر کے استعمال کی ہدایات جاری کر دیں ، جس میں کہا کہ جنرل، ٹیکنو کریٹ، خواتین اور اقلیتی نشستوں کیلئے الگ الگ بیلٹ پیپرز ہوں گے۔الیکشن کمیشن نے آگاہی دیتے ہوئے کہاکہ ہر بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام درج ہوں گے ، ووٹر امیدوار کو ترجیحی ووٹ اردو یا انگریزی میں لکھ کر دے سکیں گے جبکہ اردو ،انگریزی دونوں میں ترجیح لکھنےکی صورت میں ووٹ مستردتصورہو گا۔ہدایات میں کہا گیا کہ ہندسوں کو الفاظ میں لکھنے کی صورت میں بھی ووٹ مسترد تصور ہوگا جبکہ کسی بھی امیدوار کو دو بار مختلف ترجیحی ووٹ دینے پر بھی ووٹ مسترد ہوگا اور ہر امیدوار کو ایک ترجیح کا ووٹ دیا جاسکے گا۔،الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو آگاہی دیتے ہوئے کہاکہ 2 مختلف امیدواروں کو ایک ہی ترجیح کاووٹ دینے سے بھی ووٹ مسترد ہوگا جبکہ کسی امیدوار کے سامنے ترجیح ووٹ نہ لکھنا اور متعلقہ خانہ چھوڑنابھی بیلٹ پیپر کے مسترد ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی اراکین کو ووٹ پول کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کر دیا ہے۔