• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

البم ڈسکو دیوانے کی 5 لاکھ کاپیاں سابقہ سویت یونین میں فروخت ہوئیں

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی موسیقی کی تاریخ میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالنے والا نازیہ اور زوہیب حسن کا البم ڈسکو دیوانے 80 کی دہائی میں سابقہ سوویت یونین میں بھی بےانتہا مقبول تھا۔ زوہیب حسن نے انسٹاگرام پر سنہری دور کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اس مقبول ترین البم کے حوالے سے پوسٹ کی۔گلوکار نے انسٹا پرتصویرشیئرکرتے ہوئے لکھا کہ نازیہ اور زوہیب کا ڈسکو دیوانے روس میں ریلیز ہوا تواس کی 5 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔سال 1981 میں پاکستان میں ریلیزہونے والےالبم ڈسکو دیوانے نے پاک و ہند میں موسیقی کے بڑے ناموں کی موجودگی کے باوجود مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے تھے۔کم عمری میں ہی شہرت کی بلندیوں کو چھو لینے والی گلوکارہ نازیہ حسن تین اپریل 1965 میں کراچی میں پیدا ہوئیں۔صرف 35 سال کی عمر میں پھیپڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوکر 13 اگست 2000 میں انتقال کر جانے والی گلوکارہ کو 20 سال بعد بھی پاکستان کی بہترین گلوکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔نازیہ اوران کے بھائی زوہیب حسن نے پاکستان میں پاپ گلوکاری کی بنیاد رکھی اور اپنے پہلے ہی البم ’’ڈسکودیوانے ‘‘ سے کامیابی کے جھنڈے گاڑدیے۔ پہلے البم کے بعد نازیہ كے 4 مزید البم آئے جن میں’’بوم بوم ‘‘، ’’ینگ ترنگ‘‘، ’’ہاٹ لائن‘‘ اور ’’کیمرہ کیمرہ ‘‘شامل ہیں۔ تمام المبزنازیہ کو بام عروج پر پہنچاتے گئے۔ نازیہ کے گانے امریکا، برطانیہ اور روس کے میوزک چارٹس میں بھی سرفہرست رہے۔ڈسکو دیوانے وہ مقبول گانا ہے جسے دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے، بولی وڈ فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر میں اس کا ری میک بھی پیش کیا گیا۔

تازہ ترین