• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر کوونٹری میں جشن

کوونٹری ( وقار ملک ) سینیٹ انتخابات میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر برطانیہ کے شہر کوونٹری میں بھی سیاسی کارکنان نے جشن منایا اور خوشی کا سامان رہا، کارکنان ایک دوسرے کو ٹیلی فون پر مبارک باد دیتے رہے ،پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ اصغر نمبل، حاجی مبارک خان ، چوہدری عامر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اپنی ناکامی کے بعد فی الفور مستعفی ہو جائیں اور ایک بہترین مثال قائم کر یں کیونکہ عمران خان ہمیشہ یورپ کی سیاست اور وہاں کی لیڈروں کی مثالیں دیتے ہیں لیکن پاکستان میں ایسی مثالوں پر عمل ہوتا نظر نہیں آتا اس لیے حکومت مستعفی ہو جائے ،حکومت پر عدم اعتماد کی فضا قائم ہو چکی ہے اس کی وجہ دراصل حکومت کی ناقص کارکردگی ہے جس نے پاکستان کے عوام کو بری طرح مایوس کیا، پاکستان مسائل کی دلدل میں پھنس چکا ہے جسے باہر نکالنے کیلئے جدوجہد کرنا چاہئے کیونکہ عوام سخت پریشان ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکنان نے ملے جلے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے چند ووٹوں کا فرق ہے جس میں گڑبڑ ممکن ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت کو بڑا دھچکہ لگا ہے حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر کرنا ہو گی ،حفیظ شیخ کی ناکامی سے کارکنان ناخوش ہیں لیکن حفیظ شیخ پی ٹی آئی کے کارکن نہیں تھے اگر ان کی جگہ کسی کارکن کو ٹکٹ دیا جاتا تو نتائج مختلف ہوتے، مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری ریاض نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بنیادوں میں زلزلہ آ گیا ہے وزیراعظم قومی اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں انھیں فوری طور پر اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہو گا وگرنہ حکومت کی طرف سے کیے گیے تمام فیصلے غیر قانونی تصور کیے جائیں گے۔
تازہ ترین