• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بلیم گیم‘ نہیں ہونی چاہئے، یہ وقت کسی سے لڑائی کا نہیں: وسیم خان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پی ایس ایل ایڈیشن 6 کے بقیہ میچز کے ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’بلیم گیم‘ نہیں ہونی چاہئے لیکن اس وقت سب جذباتی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے یہ وقت کسی سے لڑائی کا نہیں۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان، ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر سہیل اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ بابر حامد نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگلی تاریخوں میں لیگ کرانے کی ونڈو تلاش کریں گے، ہمیں یقین ہے کہ اس ایونٹ کے باقی میچز مکمل کر لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بائیو سیکیور ماحول میں یہ کیسز کیسے آئے تحقیقات کریں گے، کہاں کب اور کیا غلط ہوا یہ دیکھنا بہت ضروری ہے، کوشش کریں گے کہ اس واقعے سے پاکستان کرکٹ کا نقصان کم از کم ہو۔

وسیم خان نے کہا کہ ہم بورڈ آف گورنر سے بات کرکے آزادانہ تحقیقات کرائیں گے، ہم تحقیقات کی گہرائی تک جائیں گے، نقصان سب کا ہے، ہم نے زمبابوے اور جنوبی افریقا کیخلاف دو طرفہ کرکٹ کامیابی سے کرائی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ ہفتے بڑی کامیابی سے یہ سیریز کروائی ہے، ہمیں ان حالات سے سبق سیکھنا ہوگا، ہمیں بہتر انتظامات کرنا چاہئے تھے، اس وقت کسی پر الزام نہیں دینا چاہیں گے لیکن یہ ضرور دیکھیں گے کہ کیوں ہوا، کیسے ہوا۔

وسیم خان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کرکٹ سے وابستہ ہر فرد کیلئے کافی مشکل تھا، ہمارے لئے یہ بڑی مایوسی کی بات ہے کہ جو ہمیں کرنا تھا وہ نہیں کرسکے۔


انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری تھی کہ پلیئرز کی صحت کیلئے بہترین حفاظت فراہم کریں، آج اجلاس میں اس بات پر سب متفق تھے کہ لیگ کو ملتوی کیا جائے۔

وسیم خان نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران سات پلیئرز کو کورونا وائرس ہوا، کھلاڑیوں کا وائرس میں مبتلا ہونا ہر کسی کیلئے تشویش کی بات تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اب اولین ترجیح یہ ہے کہ پلیئرز کو صحتمند انداز میں گھر بھجوائیں، ہم اگلی تاریخوں میں لیگ کرانے کی ونڈو تلاش کریں گے۔

ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ویکسینیشن شروع کی جاچکی ہے، اب تک 22 کھلاڑیوں کو ویکسین دی جاچکی ہے۔

تازہ ترین