پشاور(نمائندہ جنگ)گلبہار میں ٹارگٹ کلنگ، نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجہ میں 1 رائیڈرا سکواڈاہلکار شہید، دوسرا بال بال بچ گیا، موٹر سائیکل سوار حملہ آور ارتکاب جرم کے بعد فرار، ہسپتال میں واقعے کی اطلاع ملنے پر پہنچنے والا اے ایس آ ئی ساتھی کی موت کا صدمہ برداشت نہ کر سکا، اور دل کادورہ پڑنے سے چل بسا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گلبہار چوکی رائیڈر اسکوارڈ کے اہلکار ہیڈ کانسٹیبل نیاز محمد ولد نور محمد سکنہ وزیر باغ ساتھی اہلکار ابراہیم کے ہمراہ فیصل کالونی کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھا اس دوران انہوں نے موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جنھوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں نیاز محمد سر اور سینے پر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیاجبکہ اس کا ساتھی بال بال بچ گیا مجروح کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ،ابتدائی تفتیش کے دورا ن معلوم ہوا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد تین تھی اور وہ 125موٹر سائیکل پر سوار تھے پولیس نے موقع پر سی سی ٹی وی کیمرہ سے ویڈیو حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ دریں اثنا ء واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ خان رازق کے علاقہ میں سٹی پٹرولنگ موبائل سکواڈ کا انچارج اے ایس آئی نوروز خان ڈیوٹی کیلئے ہسپتال پہنچااس دوران جب ہیڈ کانسٹیبل نیاز محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہو اپنے جوانسالہ ساتھی اہلکار کی موت دیکھتے ہی نوروز خان کی حالت اچانک بگڑ گئی جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی مگروہ جانبر نہ ہوسکا اور جاںبحق ہوگیا ڈاکٹر کے مطابق اس کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سےہوئی ہے۔