• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کی نمائندگی سے استحصالی نظام کو شکست دینے میں مدد ملے گی،سیما کامل

کراچی (جنگ نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈپٹی گورنر سیما کامل نے کہا ہے کہ مالیاتی اداروں میں خواتین کی نمائندگی سے موجودہ استحصالی نظام کو شکست دینے میں مدد ملے گی،بینکاری سمیت دیگر مالیاتی نظام میں مرد و خواتین کو برابری کی سطح پر رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں تقسیم ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بہترین بینکاری نظام سمیت 30 کے قریب بین الاقواامی اور مقامی کاروباری کمپنیوں کو گذشتہ سال 2020 میں بہترین کارکردگی دکھانے پر عالمی تنوع اور شمولیت بینچ مارکس (جی ڈی آئی بی) ایوارڈ 2021 سے نواز دیا گیا۔ سیما کامل نے کہا کہ سیاسی، سماجی اور معاشی میدان میں خواتین کی کاوشوں کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، بینکاری، خدمات اور کاروباری شعبے میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے سیما کامل کا کہنا تھا کہ ابھی بھی بہت سے شعبوں میں خواتین کی خدمات یقینی بنانا دور حاضر کی اشد ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ آج بھی بینکاری کے شعبے میں صرف 13 فیصد خواتین اپنی خدمات فراہم کر رہی ہیں اور یہ صورتحال انتہائی افسوس کُن ہے۔ ان کا کہنا تھا ۔ڈپٹی گورنر کا مزید کہنا تھا کہ بینکاری سمیت دیگر مالیاتی نظام میں مرد و خواتین کو برابری کی سطح پر رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین ہمارے معاشرے میں ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتی ہیں تاہم یہ خوش آئند بات ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ خواتین کی مختلف شعبوں میں حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہنا چاہئیے۔ تقریب سے ملبوسات کی کمپنیوں کی نمائندگان سمیت ایوارڈ جیتنے والے اداروں کے نمائندوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب میں جن دس اولین فاتح کمپنیوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان میں پاکستان غربت خاتمہ فنڈ، میٹرو، اینگرو فرٹیلائزر لمیٹڈ، نیسلے پاکستان لمیٹڈ، پاکستان ٹوبیکو کمپنی، اباکس، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ، اینگرو انرجی لمیٹڈ ، آغا خان یونیورسٹی، فیصل بینک لمیٹڈ اور جے ایس بینک و دیگر شامل ہیں۔

تازہ ترین