• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنات کا وجود ہے لیکن وہ انسانوں پر قبضہ نہیں کرتے، سرفراز شاہ


کراچی(ٹی وی رپورٹ)معروف مذہبی و روحانی اسکالر سرفراز احمد شاہ نے جیو نیوز کے پروگرام ”ایک دن جیو کے ساتھ“ میں میزبان سہیل وڑائچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا شخص جو اسلام کے مطابق معاملات کرنے کی کوشش کرتا ہے ہم اس پر روحانی آدمی کی چھاپ لگادیتے ہیں ورنہ اسلام میں ایسا تصور نہیں ہے،آپ کسی نیک انسان سے ملتے ہیں تو اس کی کشش آپ کو دوبارہ اس کے پاس لے کر جاتی ہے یہی روحانیت ہے

روحانی لوگوں کو کسی کو کنوینس کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے لوگ خود تسلیم کرتے ہیں، داڑھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بہت پیاری سنت ہے، مجھے داڑھی رکھنی چاہئے میں نے نہیں رکھی تو یہ میری نالائقی ہے، اسلام انسان کو کسی خاص تراش خراش کا لباس پہننے کا پابند نہیں کرتا، ایسا لباس پہننا ضروری ہے جو سترپوشی کرے اور حیا قائم کرے۔

سرفراز احمد شاہ کاکہنا تھاکہ میرے پاس کوئی موکل نہیں ہے، موکل سے دنیاوی کام نہیں لیے جاسکتے، غیب کا علم صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے ، اللہ جتنا کسی کو چاہے عطا فرمادیتا ہے، حضرت سید یعقوب علی شاہ میرے مرشد ہیں ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، کرامات نیک لوگوں کے کام ہیں میں دنیا دار گناہگار آدمی ہوں، اللہ سے براہ راست مانگئے دیکھیں وہ کس طرح آپ کو نوازتا ہے۔ سرفراز احمد شاہ نے کہا کہ اپنے مرشد سید یعقوب علی شاہ سے کئی دفعہ خواب کے ذریعہ ملاقات کی ہے

سید یعقوب علی شاہ روحانیت کے اس پہلو پر جانے کی حوصلہ شکنی کرتے تھے جہا ں کشف و کرامات کا ذکر ہو اور مستقبل بینی کی بات ہو، ہمارے ہاں عموماً جسمانی و نفسیاتی ڈس آرڈر کو جنات کا نام دے دیا جاتا ہے، جنات کا وجود ہے لیکن وہ انسانوں پر قبضہ نہیں کرتے، جنات بیچارے انسانوں کی کیا مدد کریں گے۔

سرفراز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اندازہ ہی نہیں کہ انسانی دماغ کس قدر طاقتور ہے، انسان کسی چیز پر توجہ مرکوز کردے تو اسے ہاتھ لگائے بغیر اٹھالیتا ہے، بعض لوگ اس قدر ارتکاز سے عبادت کرتے ہیں کہ ان میں ایسی قوتیں بیدار ہوجاتی ہیں کہ وہ ایسی چیزیں دیکھ لیتے ہیں جو عام آدمی نہیں دیکھ سکتا۔سرفراز احمد شاہ نے کہا کہ میں ذاتی طور پر بیعت کے مروجہ تصور کیخلاف ہوں، بیعت کرنے والا بیعت لینے والے کے ہاتھ خود کو ایک طرح بیچ دیتا ہے کہ آپ جو کہیں گے میں وہ کروں گا

بیعت تعلیم و تربیت کیلئے کی جاتی ہے تو تعلیم و تربیت بیعت کے بغیر بھی ہوسکتی ہے، جادو بطور علم موجود ہے لیکن یہاں ہر مشکل میں آدمی سمجھتا ہے اس پر جادو ہوگیا تو یہ ٹھیک نہیں ہے، تعویذ اور دھاگوں کا اثر ہوتا ہے اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا، استخارہ کیلئے تلقین کی گئی ہے میں بھی استخارہ کرتا ہوں۔ سرفراز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ میری 7کتابیں مارکیٹ میں آچکی ہیں، پہلی کتاب کے 40جبکہ دوسری کتاب کے 30ایڈیشنز چھپ چکے ہیں، اگلے مہینے میں میری مزید 2کتابیں آجائیں گی۔

تازہ ترین