• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی، جناح سندھ یونیورسٹی میں عالمی یوم خواتین پر تقریبات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا، وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے عور ت کو وہ عظیم مقام دیاجو آج تک کوئی اور نہیں دے سکا ۔ وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے خواتین فورم کے قیام پر یونیورسٹی کی تمام خواتین کو مبارکباد پیش کی اور یونیورسٹی کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ تفصیلات کے مطابق سینٹر آف ایکسی لینس فار ویمن اسٹڈیز جامعہ کراچی کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ خاتم النبین حضرت محمدﷺ نے نہ صرف خواتین کے حقوق وضع کئے بلکہ ان پر مکمل عملدرآمد کرکے معاشرے میں ان کو وہ مقام دلایا جس سے وہ دورجاہلیت میں محروم تھیں۔ اسلام سے قبل معاشرہ جہالت میں ڈوباہواتھا،اسلام نے عور ت کو وہ عظیم مقام دیاجو آج تک کوئی اور نہیں دے سکا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ تعلیم ہی کے ذریعے عورت اپنے قانونی حقوق اور ان کی دستیابی سے آشنا ہو پاتی ہے،علم و آگہی کے ذریعے ہی معاشرے میں رائج منفی رجحانات اور رویوں کو ختم جا سکتا ہے۔۔ادھر عالمی یوم خواتین کی روح کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ایک خواتین کے فورم کا قیام عمل میں آیا۔ اس فورم کی سربراہی ڈین برائے سرجری پروفیسر صغریٰ پروین کو سونپی گئی جبکہ معاونین پرنسپل فارمیسی پروفیسر ہما علی اور ڈینٹل فیکلٹی سے ڈاکٹر مریم اظفر کو چنا گیا۔

تازہ ترین