لاہور(نمائندہ جنگ / ایجنسیاں)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے ناروا روئیے پر برہمی کا اظہار کیا۔اسپیکر نے رولنگ دی کہ ڈی سی فیصل آباد احتشام مجھ سمیت کسی کی نہیں سن رہا،جھوٹ بولتا ہے کہ میٹنگ میں ہوں، ہوتا گھر پر ہی ہے۔آج اسمبلی اجلاس کے سامنے پیش ہو۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی ریسکیوفیصل آباد احتشام کی طرف سےسپیکر پنجاب اسمبلی کی بات نہ سننے کے معاملے پر ن لیگ نے پرویز الہٰی کی حمایت کردی۔ن لیگی ایم پی اے خلیل طاہر سندھو نےاسپیکر کی بات نہ سننے پر ڈی سی فیصل آباد کے رویے کی مذمت کی۔خلیل طاہر سندھو نے پرویز الٰہی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب رہ چکے ہیں اور گریڈ 18 کا افسر ہے کہ آپ کی بات سننے کو تیار نہیں۔