• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ میں رینجرز فٹ بال کے حامیوں کاجشن،28گرفتار

گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹ لینڈ میں رینجرز فٹ بال کے حامیوں نے دس سال بعد پریمیئر شپ جیتنے کی خوشی میں ایک بھرپور جشن منایا اور کورونا کے لاک ڈائون کی دھجیاں اڑا دیں۔ اس وقت جب کہ اسکاٹ لینڈ میں صرف دو گھرانوں کے دو افراد گھروں سے باہر ملاقات کرسکتے ہیں اور کسی کو کسی دوسرے کے گھر جانے کی اجازت نہیں۔ رینجرز فٹ بال ٹیم کے شائقین اپنی ٹیمکو پریمیئر شپ کا ٹائٹل ملنے کی خوشی میں ہزاروں کی تعداد میں دیوانہ وار گھروں سے نکل آئے۔ ان میں سے بعض رینجرز فٹ بال کے کلب کے باہر جبکہ دیگر گلاسگو کے جارج سکوائر میں جمع ہوئے۔ وہ فائر ورک چلا رہے تھے، جس کے باعث ہر طرف مختلف رنگ بکھرے نظر آرہے ۔ وہ دیوانہ وار گانے گاتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے، انہوں نے ہر طرف ہنگامہ بپا کر رکھا تھا، جب پولیس نے ان کو روکا تو نشے میں دھت بعض افراد نے پولیس پر بھی حملہ کردیا۔ پولیس نے 28 افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ 7 افراد کو موقع پر ہی پنلٹی ٹکٹ دیئے، ہنگامہ کرنے والے افراد نے جارج سکوائر میں بیٹھنے کے لئے رکھے لکڑی کے بینچ توڑ دیئے اور وہاں ہر طرف شراب کی ٹوٹی بوتلیں پڑی تھیں۔ اسکاٹ لینڈ کی فسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے ہنگامہ آرائی کرنے اور لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ان لوگوں نے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالا ہے جس کے باعث لاک ڈائون کی پابندیاں نرم کرنے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
تازہ ترین