کوئٹہ/اسلام آباد(پ ر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا کہ نام نہاد رینٹل مارچ کے لیے 26 مارچ کے بجائے جے یو آئی (ف) کے مخلص کارکنان کو تین دن بعد 29 مارچ کو رینٹل مارچ کے لیے اسلام آباد کے لیے نکلنا چاہیے تاکہ اس بار پہلے ہی پتہ چل سکے کہ جے یو آئی (ف) کے علاوہ پی ڈی ایم کی دیگر پارٹیاں اس بار اپنے کتنے کارکن اسلام آباد کے میدان میں لاتے ہیں کیونکہ اب بھی مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی وغیرہ جے یو آئی (ف) کے مخلص کارکنوں کو بہلاکرپھسلا کر ایک بار پھر مولانا فضل الرحمن کو ’’ ماموں‘‘ بنائیں گے۔ وہ اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں غیر ملکی اور قومی میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزادی مارچ کے حوالے سے بھی مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے بار بار وعدے کے باوجود جس طرح بیوفائی کی اس بے وفائی کو وہرانے کا پروگرام ہے جبکہ جے یو آئی (ف ) کے سکھر میں منعقدہ مجلس عمومی کے اجلاس میں خود مولانا فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں برملا خدشات کااظہار کرتے ہوئے شکوہ کیا ہے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ جن خدشات کا اظہار عرصہ سے ہم کرتے آرہے تھے وہ تمام کے تمام خدشات اب ایک ایک کرکے قوم کے سامنے آرہے ہیں ۔