پنجاب میں کورونا کے پھیلنے کی بڑی وجہ برطانیہ سے آنے والا نیا وائرس ہے۔
چار شہروں میں کورونا کے 300 پازیٹیو مریضوں کے جینیاتی ٹیسٹ بھی کیے گئے، 200 کے قریب مریضوں میں برطانوی کورونا وائرس پایا گیا۔
جس کے بعد لاہور سمیت 5 اضلاع کو ہائی رسک قرار دے دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ایس او پیز کے حوالے سے سخت احکامات جاری کر دیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب میں کورونا کی تیزی سے پھیلتی ہوئی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں برطانیہ سے آنے والا نیا کورونا وائرس پھیل رہا ہے، 200 کے قریب مریض اب تک اس میں مبتلا ہو چکے ہیں، دیگر کی صورت حال مزید جینیاتی ٹیسٹوں کے بعد سامنے آئے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا وائرس کچھ شہروں میں تشویشناک حد تک پھیل رہا ہے، 5 فیصد سے زائد شرح کے اضلاع میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات سے اگلے 15 دن تک سخت ایس او پیز لا رہے ہیں۔
کورونا کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیئے گئے اضلاع میں لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا شامل ہیں۔
ان اضلاع میں تعلیمی اداروں، پارکس، اِن ڈور شادی ہالز، مزارات، میلوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی، مارکیٹیں شام 6 بجے تک بند کردی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات دیے ہیں، یہ حفاظتی اقدامات کورونا وائرس کا خطرناک پھیلاؤ روکنے میں مدد دیں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن تیز کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔