پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آ چکی ہے ، ملک میں برطانیہ کی قسم تیزی سے پھیلنے لگی جس کے ساتھ ہی نئے کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پنجاب کے شہر گجرات میں کورونا وائرس کی نئی لہر شدت اختیار کرگئی۔
گجرات میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر میں آکسیجن بیڈز سو فیصد بھرے ہوئے ہیں، اب مزید مریضوں کے لیے آکسیجن بیڈز میسر نہیں ہیں۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پرنہیں ہے۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 5 فیصد رہی اور مزید 46 مریض انتقال کر گئے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2ہزار 338 کیسز رپورٹ ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6لاکھ 2 ہزار 536ہوگئی، ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 19ہزار 764ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے مزید 46 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے1 ہزار231 مریض شفایاب ہو گئے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 430 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ198ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 42 ہزار499 ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ اب تک کُل 94 لاکھ 45ہزار 138کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں برطانیہ سے آنے والا نیا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں تین سو مثبت ٹیسٹ ہوئے جن میں سے200 مریضوں میں برطانوی وائرس موجود ہونے کی تصدیق ہوئی۔
لاہور سمیت 5 اضلاع کو ہائی رسک قرار دے دیا گیا۔ 5 فیصد سے زائد شرح کے اضلاع میں آج شب سے اگلے 15 روز تک سخت ایس او پیز لگانے کااعلان کیا گیا ہے۔
تعلیمی اداروں، پارکس، ان ڈور شادی ہالز، میلوں اور زیادہ رش والی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ۔
پنجاب میں مارکیٹیں شام 6 بجے تک بند کر دی جائیں گی، صوبے میں پانچ سو سنتالیس مزارات اور کھیلوں کی تمام سرگرمیاں بند کردی گئیں۔