• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹک ٹاک بند ہونے پر کوئی دُکھ نہیں: جنت مرزا

پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے کہا ہے کہ اُنہیں مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک بند ہونے پر کسی قسم کا کوئی دُکھ اور افسوس نہیں ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جنت مرزا نے گزشتہ روز سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں ٹک ٹاک اسٹار کے مداحوں نے اُن سے مختلف سوالات کیے۔

ایک صارف نے جنت مرزا سے پوچھا کہ ’آپ کو ٹک ٹاک بند ہونے پر دُکھ ہورہا ہے؟ جس پلیٹ فارم سے آپ کو شہرت ملی تھی اُسی پر پابندی لگ گئی ہے۔‘

صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جنت مرزا نے کہا کہ ’مجھے دُکھ کس بات کا ہوگا؟ جتنی عزت، شہرت اور کام نصیب میں لکھا ہے، وہ مجھے لازمی ملے گا اور شاید ابھی تک مل بھی چکا ہے۔‘

جنت مرزا نے کہا کہ ’مایوسی حرام ہے لہٰذا ہمیں کسی بھی فیصلے پر افسردگی کا اظہار نہیں کرنا چاہیے۔‘

ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ ’اگر ہم اس بات پر یقین کرلیں کہ اللّٰہ تعالیٰ جو کرتا ہے ہماری بہتری کے لیے ہی کرتا ہے تو یقین کریں مایوسی، دُکھ، درد یہ سب خود ہی ہم سے دور چلے جائیں گے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جتنی شہرت ملنی ہے وہ ٹک ٹاک کے بجائے کسی دوسرے ذرائع سے بھی مل جائے گی۔‘

جنت مرزا نے مزید کہا کہ ’بہت جلد ٹک ٹاک پر لگی پابندی ختم ہوجائے گی۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور ہائیکورٹ نے مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک بند کرنے کا حکم دیا تھا، دوران سماعت چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا تھا کہ ٹک ٹاک پر جو ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں وہ ہمارے معاشرے میں قابل قبول نہیں۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے لہٰذا اس کو فوری طور پر بند کیا جائے۔

تازہ ترین