اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہماری افواج ملک کے وقار اور سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں،خطے میں پائیدار امن کی بحالی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنیوالے فرنٹیئر کور (نارتھ)سمیت آرمی فورسز کے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے فرنٹیرکور اور پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں ،نئے تربیت یافتہ جوانوں کوفرنٹئیر کور کا حصہ بننے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزاسکائوٹس ٹریننگ اکیڈمی ورسک میں فرنٹئیر کورکے 28ویں بیچ کی پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ۔ شیخ رشید نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پاکستان میں امن کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، خیبر پختونخوا میں امن کیلئے فرنٹیئر کور کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں، مہمان خصوصی نے امید ظاہر کی کہ نئے ریکروٹس بھرپور لگن ، وفاداری اور انتہائی محنت سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ایف سی کی تاریخ قربانیوں اور بہادری سے بھری پڑی ہے، تربیت سے جوانوں کو ڈیوٹی لائن میں درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی،شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم کو ان ہیروز پر فخر ہے جنہوں نے وطن عزیز کی دفاع کیلئے جام شہادت نوش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی حمایت سے مسلح افواج معاشرے کو دہشت گردی سے پاک کررہی ہیں، ایف سی خیبر پختو نخوا کوحکمت عملی سے پاک افغان سرحد کے ساتھ ساتھ وسیع رقبے پر تعینات کیا گیا ہے،پاک فوج سرحدی علاقوں اور قبائلی علاقوں میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔