• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں بھی 15 اپریل تک کورونا پابندیاں عائد، دفاتر میں 50 فیصد حاضری، شادی ہالز، کاروباری مراکز رات 10 بجے بند

کراچی ( اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) کورونا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد سندھ میںبھی 15اپریل تک نئی پابندیاں عائدکردی گئیں، جس کے مطابق دفاتر میں 50فیصد حاضری کی اجازت ہوگی، شادی ہالزو کاروباری مراکز رات10بجے بند ہونگے،ریسٹورینٹس میںکھانا کھانےکی اجازت نہیں ہوگی ، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا، دوسر ی جانب ملک میں کورونا سے مزید 29اموات سامنے آگئیں جبکہ 2200نئی کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پابندیوں کا اطلاق 15 مارچ سے 15 اپریل تک ہوگا،صوبے بھر میں تمام کاروباری مراکز رات سے 10 بجے بند کرنا ہوں گے تاہم میڈیکل اسٹور،کلینکس، اسپتال، پیٹرول پمپس، بیکریاں ،ملک شاپس اور ریسٹورینٹس کھلے رہیں گے، سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کو بلایا جائے گا اور ورک فرام ہوم پرعمل کیا جائے گا، تفریحی پارکس کو شام 6 بجے بند کردیا جائے گا، ریسٹورینٹس کے اندرکھانا کھانےکی اجازت نہیں ہوگی تاہم ریسٹورینٹس سے ہوم ڈلیوری اورکھانا گھرلے جانے کی سہولت ہوگی،شادی ہالز رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے اور کورونا ایس او پیزپر عمل کرتے ہوئے کھلی جگہ پرتقریب میں 300 افراد تک بلائےجاسکتے ہیں جب کہ شادی ہالز میں بوفےکھانا کی اجازت نہیں ہوگی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ کورونا کیسزبڑھنے پرڈپٹی کمشنرزکسی بھی مخصوص علاقے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگاسکتے ہیں۔ادھر ملک میں کورونا سے مزید 29 افراد جاں بحق ہوگئے اور 2200 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.1 رہی۔ادھر سندھ میں کورونا سے مزید 3مریض انتقال کر گئے اور 171 نئے کیس رپورٹ ہو ئے،صوبےمیں اس وقت 4263 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 258 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 39 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 171 نئے کیسز میں سے 38 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 24،کورنگی7،ضلع جنوبی 3، ضلع وسطی 2، ملیر اور ضلع غربی میں سے1۔1نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اسی طرح حیدرآباد 19،ٹنڈو محمد خان 17،شہید بے نظیر آباد 14،ٹھٹھہ13، سانگھڑ11، قمبر 8،لاڑکانہ اور سجاول 6۔6،میرپورخاص5، نوشہروفیروز4، جیکب آباد اور خیرپور3۔3، گھوٹکی، ٹنڈو الہیار،عمرکوٹ اور شکار پور 2۔2، جامشورو اور مٹیاری میں سے1۔1 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

تازہ ترین