اپوزیشن اتحاد ( پی ڈی ایم )نے پیپلز پارٹی کی طرف سے مہلت مانگنے پر حزب اختلاف کا لانگ مارچ ملتوی کردیا ہے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے طویل اجلاس کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔
انہوں نے اپوزیشن قیادت کے ہمراہ مختصر میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد میں شامل 10 میں سے 9 جماعتیں لانگ مارچ کے دوران استعفیٰ دینے کے معاملے پر متفق تھیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کی اکثریتی جماعتوں کے استعفیٰ پر متفق ہونے پر پیپلز پارٹی نے مشاورت کے لیے مہلت مانگی ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے کہا ہےکہ ہم یہ بات پارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں رکھیں گے اور اس کے بعد جواب دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب تک پیپلز پارٹی کی طرف سے مشاورت کے بعد جواب نہیں آتا تب تک پی ڈی ایم کا حکومت مخالف اجلاس ملتوی سمجھا جائے۔