لاہور(نمائندہ جنگ)قومی احتساب بیورو (نیب ) نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے میڈیا میں لگائے گئے الزامات اور تشریحات پر مبنی رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے۔ نیب ترجمان نے کہا ہے کہ مریم نواز کے خلاف نیب میں چوہدری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مقدمات زیر تحقیقات ہیں۔امن و امان سے متعلق اداروں کے خلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کا مقصد کرپشن تحقیقات میں رخنہ ڈالنا تھا، نیب کی جانب سے انہیں ذاتی حیثیت میں طلبی پر ملکی فضا کو اشتعال انگیزی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کے علاوہ قومی اداروں نیب معزز عدلیہ اور لا ء اینڈ آرڈر سے متعلقہ اداروں کے خلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کی جاتی رہی جس کا بنیادی مقصد نیب کا شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا اور ان پر اثر انداز ہونے کے علاوہ نقص امن کی صورتحال کو تقویت دینا رہا۔