• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ، سیاسی صورتحال میں بہتری سے تیزی، 593 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ملکی سیاسی صورتحال میں بہتری کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ، خریداری بڑھنے سےدن بھر تیزی کا رحجان ریکارڈ کیا گیا ،کے ایس ای100انڈیکس 593 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 45ہزار کی حد عبور کر گیا ،77.10 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، سرمایہ کاری مالیت میں بھی 109ارب 51کروڑ 54 لاکھ روپے کا اضافہ ہو گیا ، کاروباری حجم بھی 24.95 فیصد زیادہ رہا ، تفصیلات کے مطابق بدھ کو کاروبارکا آغاز ہی مثبت رہا ،ملکی سیاسی افق پر چھائے بے یقینی کے بادل چھٹ جانے کے بعد مارکیٹ میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار سرگرم نظر آئے جس کی وجہ سے شیئرز کی خرید و فروخت منگل کی نسبت 10کروڑ 19لاکھ 24ہزار کے اضافے سے 51کروڑ 3لاکھ 84ہزار شیئرز تک پہنچ گئی ، خریداری میں اضافے کی وجہ سے کے ایس ای 100انڈیکس 593.25پوائنٹس کے اضافے سے 44857.06 پوائنٹس سے بڑھ کر 45450.31 پوائنٹس ہو گیا اور کے ایس ای30انڈیکس 250.70پوائنٹس کے اضافے سے 18878.72 پوائنٹس پر آگیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 394.84 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 30663.31پوائنٹس سے بڑھ کر 31028.15پوائنٹس پر بند ہوا ، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 415کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ، 320کے بھاو میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،76 کے بھاو میں کمی اور 19 کے بھاو مستحکم رہے ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 109ارب 51کروڑ 54 لاکھ 89ہزار روپے کے اضافے سے 8070ارب 80کروڑ 40لاکھ 85ہزار روپے ہو گئی ،کاروباری حجم کے لحاظ سے ٹی آر جی ، بائیکو پیٹرولیم ، پاک ریفائنری ، ہم نیٹ ورک اور یونٹی فوڈ سر فہرست رہے ، مارکیٹ میں سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت سن ریز ٹیکسٹائل اور انڈس موٹرز کے شیئرز کی بڑھی جو 63.74 روپے اور 52.09 روپے فی شیئرز تھی دوسری جانب سب سے زیادہ کمی رفحان میز اور فلپس مورس کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو 149.01 روپے اور 75.00 روپے فی شیئرز تھی۔

تازہ ترین