• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یکم مئی تک افغانستان سے انخلا نہ کرنے پر طالبان کی امریکا کو پھر سنگین نتائج کی دھمکی

ماسکو (جنگ نیوز )طالبان نے واشنگٹن کو افغانستان سے امریکی اور نیٹو فوجیوں کے انخلا کیلئے یکم مئی کی آخری تاریخ سے متعلق معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔برطانوی میڈیا مطابق طالبان نے ماسکو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انتباہ جاری کیا۔ طالبان کی جانب سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کے ایک رکن سہیل شاہین نے صحافیوں سے کہا کہ ʼانہیں جانا ہوگا اور یکم مئی سے آگے امریکی فوجیوں کا رکنا دراصل معاہدے کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔علاوہ ازیں انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا طالبان انتخابات کو قبول کریں گے یا نہیں لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صدر اشرف غنی کی حکومت ان کی اسلامی حکومت کی تعریف کے مطابق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ʼاور معاہدے کی خلاف ورزی ہماری طرف سے نہیں ہوگی جس کے نتیجے میں اس کا رد عمل ظاہر ہوگا۔رکن سہیل شاہین نے اس کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی کہ یہ ردعمل کیا شکل اختیار کرے گا لیکن فروری 2020میں انہوں نے جس معاہدے پر دستخط کیے تھے اس پر عمل کرتے ہوئے طالبان نے امریکی یا نیٹو فورسز پر حملے نہیں کیے حتی کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران غیراعلانیہ بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔طالبان رہنما نے کہا کہ ʼہم امید کرتے ہیں کہ ایسا نہیں ہوگا ، وہ دستبردار ہوجائیں گے اور ہم افغانستان کے مسئلے کے حل اور پرامن تصفیہ پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ ایک سیاسی روڈ میپ تک پہنچیں اور مستقل اور جامع جنگ بندی ہوسکے۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ طالبان اسلامی حکومت کے مطالبے پر قائم ہیں۔سہیل شاہین نے اس کی تفصیل نہیں بتائی کہ اسلامی حکومت کا ڈھانچہ کیسا ہوگا۔

تازہ ترین