کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی خواتین فٹ بال چیمپئن شپ میں ٹیموں کی بدترین کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیم آفیشلز، کوچز اور دیگر کا ریفریز کے ساتھ بدکلامی بھی جاری ہے، اتوار کو ہائی لینڈر سے شکست کھانے کے بعد دیا ویمنز کی کوچ سعدیہ شیخ کو ریفری سے بدکلامی پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا ،اب وہ اگلے میچ میں ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گی۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ فٹ بال اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان آرمی نے ایف سی کراچی کو 25-0 کی ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی شکست دی۔ علیزہ صابر نے 9 گول کے ساتھ ٹرپل ہیٹ ٹرک جبکہ صوائبا سرفراز نے چھ اورحاجرہ خان نے تین گول کئے۔ دوسرے میچ میں دیا ویمنز فٹ بال کو آئی لینڈر کے خلاف 4-0 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔