مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے مریم نواز کو جاری کیے گئے نوٹس کو غیر قانونی قرار دیے دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مریم نواز کوجاری کیا گیا نوٹس غیرقانونی ہے، اگر یہ واپس نہ لیا گیا تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب انصاف کے نہیں شہزاد اکبر کے ماتحت ایک ادارہ ہے، جو انتہائی گھٹیا حکومتی ہتھیار بن چکا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ بن چکا، یہ صرف اپنے سیاسی مخالفین کو نیچا دکھانے اور اُن کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والا ادارہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیب اگر غیر آئینی و غیر قانونی نوٹس پر مریم نواز کو گرفتار کریں گے یہ غیر قانونی گرفتاری ہوگی۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے یہ بھی کہا کہ نیب کے نوٹسز اور انکوائری کے کوئی معنی نہیں، اس ادارے کے ٹاؤٹ جگہ جگہ پھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نوازکے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے پنجاب کے ایم این ایز، ایم پی ایز اور کارکن 26 مارچ کو نیب آفس کے باہر پہنچیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہم پرامن طور پر نیب آفس پہنچ رہے ہیں، ہمارے خلاف کوئی حربہ اپنایا گیا تو تمام تر ذمے داری انتظامیہ، چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب پر عائد ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگریہ کوئی رکاوٹیں کھڑی نہ کریں تو ذمہ داری لیتا ہوں پرامن طور پر اکٹھے ہوں گے۔