• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مغوی طالبعلم بازیاب، کہانی کا دلچسپ ڈراپ سین

اورنگی ٹاؤن کراچی سے 2 روز قبل اغوا ہونے والے طالب علم کی کہانی کا دلچسپ ڈراپ سین ہوگیا۔

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) اور سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی (سی پی ایل سی) نے مشترکہ کارروائی کی اور واردات کے ماسٹر مائنڈ کو دوست سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے اورنگی ٹاؤن سے تاوان کے لیے 2 روز قبل اغوا ہونے والا 15 سالہ طالب علم بازیاب ہوگیا۔


پولیس نے واردات کے ماسٹر مائنڈ فضل اور اس کے دوست ارسلان کو گرفتار کرلیا ہے۔

واردات کا ماسٹر مائنڈ اسکول مالک تھا جو بچے کی بہن سے شادی کرنا چاہتا تھا، جس کے لیے سارا ڈھونگ رچایا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق اسکول کے مالک نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر اپنے اسکول کے طالب علم کو اغوا کرلیا اور اس کی رہائی کے لیے 3 لاکھ روپے مانگے۔

پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والے لڑکے کے اہلِ خانہ کی مالی حالت اچھی نہیں اور اپنے لڑکے کی رہائی کے لیے تاوان ادا نہیں کر پارہے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق اغوا کا ماسٹر مائنڈ ڈھونگ رچا کر خود تاوان ادا کر رہا تھا، دراصل ملزم مغوی لڑکے کی بہن سے شادی کرنا چاہتا تھا، جس کے لیے اُس نے اغوا برائے تاوان کا سارا ڈرامہ رچایا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم بچے کی واپسی کے لیے خود اپنے آپ کو ہی پیسے دینے کا ڈھونگ کرتا تاکہ بچے کے اہلخانہ کی نظر میں معتبر ہوجائے۔

تاہم اس سے قبل ہی اے وی سی سی اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کر کے بچے کو باحفاظت بازیاب کروالیا۔

تازہ ترین