اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کے کرے کے ترجمان اور لوٹا بریگیڈ صرف وہی بولتے ہیں جتنا بولنے کی انہیں اجازت ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور لوٹا بریگیڈ سلیکٹرز کی کرائے پر دی ہوئی گاڑی چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت، عوام اور پاکستان کے مفادات روندتے یہ گاڑی تباہی کی کھائی کی طرف جارہی ہے۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ اس تباہی وبربادی پر آنکھیں بند کیے سلیکٹرز کی یہ گاڑی سلیکٹڈ دائیں بائیں نہیں کرسکتا۔
اُنہوں نے استفسار کیا کہ کیا درست ہے کہ شہباز شریف ڈوبتی معیشت بچانے کے لیے میثاق معیشت کی سنجیدہ بات کریں تو انہیں جیل میں ڈال دو؟
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات اور میثاق معیشت کی بات کی تو اُسے این آر او کا نام دے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے صدر پارلیمان کی بالادستی کی بات کریں تو انہیں قید کردیا جائے۔
ن لیگی ترجمان نے سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن کا عملہ چوری کرنے والے، انتخابی اصلاحات کی سنجیدہ منہ سے بات کررہے ہیں؟ آج آر ٹی ایس کی پیداوار ووٹ چور انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمانی روایت کا بیڑہ غرق کرنے والے انتخابی اصلاحات کی بات کس منہ سے کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ووٹ چورکرپٹ وزیراعظم عمران خان ڈسکہ میں پولنگ عملہ اغوا کرانے کے عمل کوانتخابی اصلاحات میں شامل کرانا چاہتا ہے۔