• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مئیر ہیوسٹن سلوسٹر ٹرنر نے 20 مارچ کو یوم جاوید انور قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ سید جاوید انور کی جدوجہد، ترقی اور خدمات قابل تقلید اور نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔

سلوسٹر ٹرنر حکومت پاکستان کی طرف سے ممتاز آئل بزنس ٹائیکون جاوید انور کو ہلال امتیاز کے لیے نامزد کیے جانے کی خوشی میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ستائشی استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں جاوید انور، قونصل جنرل ہیوسٹن ابرار ہاشمی اور سعید شیخ نے بھی خطاب کیا۔

‎مئیر ہیوسٹن نے ازراہ مذاق کہا کہ جاوید انور ڈیموکریٹس اور ری پبلیکن پارٹی دونوں میں عزت اور تکریم کی نگاہ سے دیکھے جاتے اور وہ دونوں جماعتوں کو ایک ٹیبل پر بٹھا سکتے ہیں۔

‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید جاوید انور نے امریکا آنے اور ترقی کے لیے اپنی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں والدہ ٹیلی فون آپریٹر تھیں ون وے ٹکٹ اور ایک سمسٹر کی فیس کے ساتھ امریکا آیا تھا کھانے کے پیسے نہ تھے کالج کینٹین میں نوکری کی، ‎خدا کی ذات پر مکمل یقین اور اپنی محنت پر بھروسہ تھا اس لیے کامیابی نے قدم چومے اور امریکا میں آئل ٹائیکون بن گیا ۔

‎اعلیٰ ترین اعزاز ملنے پر سید جاوید انور نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور نوجوان نسل کو تلقین کی کہ وہ اپنے رب پر یقین اور اپنی محنت پر بھروسہ کریں کامیابی ضرور ان کے قدم چومے گی۔

‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل ابرار ہاشمی کا کہنا تھا کہ جاوید انور نے اپنے انسان دوست کردار اور عمل سے شاندار اقدار کو فروغ دیا ہے۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لیے باعث مسرت اور باعث افتخار ہے کیونکہ آج ہم اس اعزاز کی خوشی منا رہے ہیں جو قابل تحسین اور مثالی خدمات پر ملتا ہے۔ 

‎تقریب کے میزبان ہیوسٹن کراچی سسٹر  سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ نے جاوید انور کی جدوجہد اور خدمات پر روشنی ڈالی اور تمام مہمانوں کا ‎شکریہ ادا کیا۔

‎تقریب میں نظامت کے فرائض ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عمر خواجہ نے انجام دیئے  جبکہ سسٹر سٹی کے نائب صدر محمد ظہیر نے مہمانوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

‎تقریب میں محمد جاوید انور کے امریکا بھر سے عزیز واقارب اور دوستوں نے بھی شرکت کی جبکہ خصوصی طور پر  تقریب میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی بہن اور نمل نالیج سٹی کی ممبر بورڈ آف گورنرز علیمہ خانم خان سمیت ہیوسٹن میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل، سعید الہیمیری کئی ممالک کے ڈپلومیٹ اسٹاف ممبران کمیونٹی رہنما مسرور جاوید خان، غلام بمبی والا، اشرف عباسی، سجاد برکی، عاطف خان، ہارون شیخ، حشمت عافندی، اعظم اختر، خالد قاضی، راجہ زاہد خانزادہ، الیاس چوہدری، احمد یاسین، شاہ حلیم، ڈاکٹر یعقوب شیخ اور اٹارنی نومی حسن بھی موجود تھے۔

تازہ ترین