• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باتھ روم کی تعمیر میں پیش نظر رکھے جانے والے عوامل

گھر کی تعمیر میں اس کے ہر حصے کی ایک ناگزیر اہمیت ہوتی ہے۔ یہ بات گھر کے ایک اہم حصے باتھ روم کے بارے میں بھی کہی جاسکتی ہے۔ ایسے میں سوال یہ اُٹھتا ہے کہ گھر کا لے آؤٹ پلان بناتے وقت اور تعمیرات کے ہر مرحلے میں باتھ روم کے معیار کو اچھا بنانے کے لیے کن چیزوں کا خیال رکھا جائے؟ اچھے باتھ روم کے ڈیزائن میں کچھ چیزیں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان میں رنگوں کا امتزاج بالکل ٹھیک ہوتا ہے، جو باتھ روم کو ایک خوشگوار جگہ بناتا ہے۔ 

عملی طور پر، باتھ روم کوئی آرائش کی جگہ نہیں ہے،  یہ ایک ایسی جگہ ہے جسے گھر میں رہنے والے تمام افراد روزانہ استعمال کرتے ہیں۔ تاہم، اچھے باتھ روم میں اسٹائل اور ہم آہنگی پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ بیسن اور باتھ ٹب سے لے کر باتھ روم کے چھوٹے سے چھوٹے لوازمات تک، اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ہر خاصیت بڑی تصویر کا ناگزیر حصہ معلوم ہو۔

باتھ روم کا ڈیزائن

جب آپ اپنا باتھ روم ڈیزائن کرنے لگیںتو باتھ روم کے اہم پہلوؤں کے بارے میں سوچیں، جیسے کہ اُس کا سائز، استعمال ہونے والے رنگوں کی اقسام، لوازمات جیسے کہ بیسن، شاور یا باتھ ٹب کہاں لگیں گے اور کیسے قدرتی ( یا مصنوعی) روشنی استعمال کی جائے جو باتھ روم میں بخوبی جچے۔ اگر وہ باتھ روم بچوں کے زیراستعمال آنا ہے ، تو حفاظتی اقدامات کے بارے میں بھی سوچنا پڑے گا۔ مثلاً، بیسن کتنی اُونچائی پر ہونا چاہیے؟

اس کے علاوہ، بچوں کے لیےکچھ خوبصورت سجاوٹی وال پیپرز یا لوازمات باتھ روم کو ایک جادوئی جگہ بناسکتے ہیں۔

رنگ و روغن

ایک بہترین باتھ روم بنانے کے لیے رنگ بہت اہم ہوتے ہیں۔ ہلکے رنگ کے استعمال سے، آپ ماحول کو جادوئی بنا سکتے ہیں اور باتھ روم کو وقت گزارنے کے لیے مُتاثر کن اور پُرلطف جگہ بناسکتے ہیں۔ اگر آپ دن بھر کی تھکن کے بعد کینڈل لائٹ غسل لینا پسند ہے، تو ان رنگوں کے بارے میں سوچیں جو استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ بھرپور گہرا سرخ اور نیلا رنگ پرتعیش احساس فراہم کرے گا۔ جب کہ چھوٹی جگہ میں ہلکے رنگ مناسب رہیں گے، تاکہ باتھ روم میں تنگی اور گھٹن کا احساس نہ ہو۔ بچے بھی پیسٹل اور ہلکے رنگوں کو بہت پسند کرتے ہیں۔

دیوار اور فرش کی ساخت

باتھ روم کی دیواروں اور فرش کے لیے بہت سے اختیارات ہیں۔ آپ کا انتخاب کیا ہوگا، اس کا انحصار پوری طرح باتھ روم کے اسٹائل پر منحصر ہے۔ دیہی طرز کے باتھ روم کے لیے اکثر مضبوط لکڑی کا فرش بنایا جاتا ہے جو فطرت سے قریب ہونے کا احساس دیتا ہے اور اسے صاف رکھنا بھی نسبتاً آسان ہوتا ہے۔ 

ایک جدید باتھ روم میں ٹھوس یا مصنوعی ٹائلوں جیسا مواد استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ چینی مٹی بھی ایک اچھا انتخاب ہے۔ دیواروں کے لیے، ٹائلوں اور پینٹ کا مرکب ڈیزائنر کو مختلف رنگوں کے ساتھ تجربہ کرنے کی گنجائش فراہم کرتا ہے، جب کہ ٹائلیں لگانا صفائی میں آسان اور واٹر پروف ہوتی ہیں۔ یہاں تک کہ وال پیپر کی بھی مختلف اقسام ہیں، جو نمی اور پانی کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

روشنی کا انتظام

باتھ روم کی روشنیوں کے بارے میں سوچتے وقت ، اس کا سائز بہت اہم ہوتا ہے۔ چھوٹی جگہ کے ساتھ باتھ روم روشن کرنے کا کام مشکل ہوتا ہے۔ سوچ سمجھ کر لگائی گئی روشنیوں سے چھوٹی جگہیں زیادہ روشن محسوس ہوں گی، جو آئینوں یا کیبنٹس میں نصب ہوں گی، جب کہ چھت میں نصب روشنیاں ایک اور بہترین انتخاب ہے۔

بہترین منصوبہ بندی

سوچیں کہ روزانہ کتنے لوگ باتھ روم استعمال کریں گے اور وہ کون ہیں؟ ایک باتھ روم جو بچے استعمال کرتے ہیں اُسے بڑوں کے باتھ روم کی نسبت مختلف طریقے سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کے پاس کوئی روشنی کا ذریعہ نہیں ہے یا ہوا کی آمدورفت کا مسئلہ ہے، تو اسے اپنے منصوبے میں مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

تزئین اور ترمیم

ایک باتھ روم کی تزئین و آرائش ہمیشہ بجٹ پر آ کر رُکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ آپ کو پہلے سے ہی سوچنا ہوگا کہ اصل میں آپ کو کیا تبدیل کرنا ہے۔ کیا یہاں صرف چند ہی چھوٹے مسئلے ہیں یا تمام ٹائلیں بدلنے کی ضرورت ہے؟ اہم اشیا بدلنا جیسے شاور، بیسن یا ٹوائلٹ، مہنگا اور پیچیدہ ہوسکتا ہے۔ 

جو لوگ مکمل ترمیم نظرانداز یا ملتوی کرنا چاہتے ہیں انھیں باتھ روم کو تروتازہ کرنے کے لیے چھوٹی تفصیلات پر غور کرنا چاہیے۔ کچھ چھوٹی تبدیلیوں سے پوری تصویر اچانک بدل سکتی ہے۔

مقبول تعمیراتی انداز

اصطفائی طرز کے باتھ روم: اصطفائی طرز کے باتھ روم مکینوں کے منفرد جذبات اور پسند کے ساتھ بخوبی میل کھاتے ہیں۔ مواد جیسے لکڑی، چینی مٹی کی ٹائلیں، دھاتی کام اور کاغذ کی دیواریں، دلفریب بناوٹ، رنگ بنانے اور دستیاب روشنی کا استعمال کرنے کے لیے، سب ایک ڈیزائن میں ضم ہوسکتی ہیں۔ اصطفائی طرز کے باتھ روم میں فضول خرچی سے گریز کریں۔ بہت زیادہ تنوع باتھ روم کا ڈیزائن بےترتیب کر دیتا ہے جو اچھا نہیں لگے گا۔

سادہ اور اعلیٰ: سادہ باتھ روم میں عام طور پر بہت ساری کھلی جگہ کے ساتھ باتھ ٹب شامل کیا جاتا ہے۔ بیسن، ٹوائلٹ اور شاور کو ہر ممکن حد تک اس مؤثر طریقے سے لگایا جاتا ہے کہ اس سے باتھ روم کی سادگی پر کوئی فرق نہ پڑے۔ اس طرح کے باتھ روم سے لوگ چمکدار جدید ڈیزائن، بہت سا سفید رنگ اور محدود لوازمات کی توقع کرتے ہیں۔

جدید اور منفرد: جدید باتھ روم، سادہ باتھ روم سے سطحی طور پر یکساں ہوتا ہے، لیکن کچھ اہم تبدیلیوں کے ساتھ۔ جدید باتھ روم، رنگ اور لوازمات کے استعمال کے معنوں میں زیادہ تخیلاتی ہوتے ہیں، لیکن ان میں ہمیشہ ایسی خصوصیات شامل ہوتی ہیں، جو موجودہ فیشن کے ڈیزائن سے میل کھاتی ہوں۔ انھیں بدلتے فیشن کے ساتھ اَپ گریڈ کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین