• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف نے حمزہ کو پی پی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا

لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ(ن)کے صدر شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کیخلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روکدیا۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت جیل میں شہبازشریف سے ملاقات کی جو سوا 2 گھنٹے جاری رہی، جس میں پی ڈی ایم میں تضادات پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق حمزہ شہباز نے یوسف رضا گیلانی کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بنائے جانے پر مسلم لیگ (ن) میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔ حمزہ شہباز نے شہباز شریف سے کہا کہ پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کے معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، پیپلزپارٹی کے اس رویئے پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کے خلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ پیپلزپارٹی کے معاملے پر آپ نے کوئی بیان نہیں دینا۔ یوسف رضا گیلانی کے معاملے پر پی ڈی ایم میں ن لیگ کے سینئر رہنما معاملہ اٹھائیں۔ شہباز شریف نے حمزہ شہباز سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ شہباز شریف نے حمزہ کو بلدیاتی نمائندوں سے رابطوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ فوری طورپر بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتوں اور کنونشنز کا اہتمام کریں، بلدیاتی نمائندے ن لیگ کی اصل قوت ہیں، موجودہ سیاسی صورتحال میں بلدیاتی نمائندوں کو قانونی و سیاسی معاونت فراہم کریں۔

تازہ ترین